الوقت - تہران نے بیلسٹک میزائل تجربے کے تناظر میں تمام اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ میزائل تجربہ ایران کا حق ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایک بیان جاری کرکے میزائل تجربے کو قومی سلامتی سے وابستہ مسئلہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس کے بارے میں تبصرہ کرنے کا کسی ملک یا بین الاقوامی ادارے کو کوئی حق نہیں ہے۔
منگل کی شام ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ذکر کیا کہ ایران کا میزائل پروگرام ملک کے دفاع کے لئے ہے اور ایران کے کسی بھی بیلسٹک میزائل کو اس طرح سے ڈیزائن نہیں کیا گیا ہے کہ وہ جوہری وار ہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران کو اپنی حفاظت کے لئے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اگرچہ سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2231 کو قبول نہیں کرتا ہے، اس کے باوجود میزائل تجربہ اس قرارداد کی خلاف ورزی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے ماضی اور تاریخ کے مد نظر ایران کسی بھی ملک پر حملہ کرنے والا نہیں رہا ہے بلکہ اس کے برخلاف دوسرے ممالک کے حملوں کا نشانہ بنا ہے اور اس کے باوجود کے دنیا کی زیادہ تر بڑی طاقتیں ایران پر حملے کی حامی رہی ہیں، ایران کے غیرت مند عوام نے اپنی قومی توانائیوں اور صلاحیتوں پر اعتماد کرتے ہوئے اپنی سرزمین اور اپنے مفاد کا دفاع کیا ہے۔