الوقت - ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے پاکستانی سینیٹ کے سربراہ سے ملاقات میں ان کو تہران میں منعقد ہونے والی فلسطین کی حمایت کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے جمعرات کو پاکستان کی سینیٹ کے سربراہ رضا ربانی سے ملاقات میں ان کو تہران میں منعقد ہونے والی فلسطین کی حمایت کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی اور پاکستان کے اس سینئر عہدیدار کے ساتھ دو طرفہ تعلقات بالخصوص دونوں ممالک کے پارلیمانی تعلقات اور علاقے کے کچھ اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
رضا ربانی نے بھی اس ملاقات میں عالم اسلام کے امور کے حل میں ایران کے کردار پر تاکید کی۔
اس رپورٹ کی بنیاد پر علاء الدین بروجردی اور رضا ربانی نے تمام شعبوں میں دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید توسیع پر تاکید کی۔
واضح رہے کہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی پاکستانی حکام سے مختلف مسائل بالخصوص دو طرفہ تعلقات میں توسیع کے امور پر تبادلہ خیال کے لئے کے لئے ایک اعلی سطحی وفد کے ساتھ بدھ کو پاکستان پہنچے۔