الوقت - عراق کے صوبہ نینوا کے موصل شہر میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر عراقی فضائیہ کے حملے میں داعش کے درجنوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج نے جمعرات کو ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ فضائیہ کے طیاروں نے مغربی موصل کے قيروان علاقے میں واقع داعش کے ٹھکانوں پر حملہ کرکے کم از کم 40 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
موصولہ خبروں کے مطابق عراقی فضائیہ نے اس حملے میں داعش کے دہشت گردوں کی تین گاڑیوں کو بھی منہدم کر دیا جس میں سوار تمام دہشت گرد مارے گئے۔
دوسری جانب عراقی حکومت نے موصل میں تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے قبضے سے آزاد ہونے والے علاقوں میں تعمیر نو کا عمل اور دیگر سرگرمیاں شروع کر دیں ہیں۔ موصل میں انسداد دہشت گردی مہم کے ایک سینئر عہدیدار عبدالوہاب الساعدی نے کہا ہے کہ مشرقی موصل کے بیشتر علاقوں میں بجلی و پانی کی فراہمی شروع کر دی گئی جبکہ دیگر سہولیات بھی بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
در ایں اثنا مغربی عراق کے صوبہ الانبار میں عراقی فوج کے ایک کمانڈر نعمان عبد الزوبعی نے بتایا ہے کہ حدیثہ علاقے میں عراقی فوج کی بمباری میں داعش کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔