الوقت - پاکستان کے قبائلی علاقے فاٹا کے كرم ایجنسی کے علاقے پاراچنار میں ریموٹ کنٹرول بم کے دھماکے میں 20 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔
پولیٹكل انتظامیہ کے مطابق پاراچنار کی عید گاہ بازار میں واقع سبزی منڈی میں دھماکہ اس وقت ہوا جب وہاں لوگ بڑی تعداد میں خریداری میں مصروف تھے۔
ذرائع کے مطابق دھماکہ خیز مادہ سبزی کے كریٹ میں رکھا گیا تھا جسے دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ دھماکے کے بعد ریسکیوں ٹیمیں اور سیکورٹی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور علاقے کا محاصرہ کرکے ثبوت جمع کرنے لگے۔
ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی افراد کو ایجنسی ہیڈكواٹر لے جایا گیا جبکہ شدید زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا گیا۔
اس سے قبل دسمبر 2015 میں بھی پاراچنار عید گاہ لینڈا بازار میں ہونے والے دھماکے میں 22 افراد ہلاک ہوئے تھے جس کی ذمہ داری دہشت گرد گروہ لشکر جھنگوی نے قبول کی تھی۔