الوقت - امریکا کے نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس میں مختلف موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ داعش کو اوباما نے وجود بخشا ہے اور پوتین سے ان کے تعلقات، امریکا کے لئے سرمایہ ہیں تاہم انہوں نے روس کے ساتھ تعلقات کے سلسلے میں اپنے خلاف عائد کئے جانے والے الزامات کو جھوٹ قرار دیا ۔ ٹرمپ نے کہا کہ روس داعش کے خلاف جنگ میں تعاون کر سکتا ہے۔
ٹرمپ نے اسی طرح خفیہ ایجنسیوں کو اپنے خلاف افواہ کا ذمہ دار قرار دیا اور اپنے مخالفین کو بیمار بتایا ۔ امریکہ کے منتخب صدر نے کہا کہ روس ، میری قیادت کے دور میں، کسی بھی دوسرے کے دور قیادت سے زيادہ ، ہمارے ملک کا احترام کرے گا۔
انہوں نے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کھینچنے کے اپنے معروف اعلان کے بارے میں کہا کہ یہ کام شروع کریں گے لیکن اس کا خرچ ، میکسیکو سے لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ، سائبر سیکوریٹی کے شعبے میں انتہائي کمزور ہے اور چینیوں نے دو کروڑ بیس لاکھ امریکیوں کے اکاؤنٹ ہیک کر لیئے ۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی پریس کانفرنس میں اپنی کابینہ کے وزراء کے سلسلے میں بھی گفتگو کی ۔