الوقت - آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے انتقال پر سعودی عرب کی جانب سے تعزیتی پیغام نہیں بھیجا گیا۔
ایسے وقت میں کہ جب زیادہ تر عرب ممالک اور خاص طور پرخلیج فارس کے ساحلی ممالک نے ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجاني کے انتقال پر تعزیت پیش کی ہے اور تعزیتی مراسلے بھیجے، صرف سعودی عرب ہی ایسا ملک ہے جس نے ان کے انتقال پر تعزیتی پیغام نہیں بھیجا۔
کویت، قطر، متحدہ عرب امارات، عمان اور بحرین وہ عرب ممالک میں ہیں جن کے سربراہوں اور حکام نے آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے انتقال پر ایرانی حکومت اور حکام کو تعزیت وتسلیت پیش کی ہے۔
آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی ان لوگوں میں تھے جو ہمیشہ یہ چاہتے تھے کہ خلیج فارس کے عرب ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات اچھے رہیں۔ اس کے لئے انہوں نے بہت کوششیں بھی کی تھیں ۔ اس کے علاوہ سعودی حکام کے ساتھ آیت اللہ رفسنجانی کے اچھے تعلقات کے پیش نظر اس بات کی امید تھی کہ ان کے انتقال پر سعودی عرب، کم از کم ان کے اہل خانہ اور ایرانی حکومت کو تعزیت پیش کرے گا ۔