الوقت - قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے حسینہ امام خمینی میں منعقدہ تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی مجلس ترحیم میں شرکت کی۔
تہران میں حسینہ امام خمینی میں رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے منعقدہ مجلس ترحیم میں ایران کی انتظامیہ، مقننہ اور عدلیہ کے سربراہوں کے ساتھ ملک کے مختلف سول اور فوجی حکام اور متعدد طبقوں کے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مجلس ترحیم میں غیر ملکی رہنماؤں نے بھی شرکت کی جن میں افغانستان کے چیف ایگزيكيٹو عبداللہ عبداللہ، عراقی وزیر خارجہ ابراہیم جعفری سمیت سینئر عراقی اور فلسطینی رہنما بھی شامل ہیں۔ مجلس عزاء کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا جس کے بعد مقررین، علماء اور خطباء نے خطاب کیا۔
مجلس ترحیم کو خطاب کرتے ہوئے تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے امام آیت اللہ موحدی کرمانی نے خدا پر ایمان اور حق کے راستے پر ڈٹے رہنے کو تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی اہم خصوصیت قرار دیا۔
آیت اللہ موحدی کرمانی نے کہا کہ ایرانی قوم ہاشمی رفسنجانی کی پہلوی حکومت اور سامراجی طاقتوں کے خلاف مزاحمت اور اسی طرح دفاع مقدس کے زمانے، پارلیمنٹ کی سربراہی، صدارتی عہدے اور تشخیص مصلح نظام کونسل کی سربراہی کے مختلف دورانیہ میں ان کی خدمات اور ذمہ داریوں کو کبھی فراموش نہیں کر پائے گی۔
واضح رہے کہ تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ علی اکبر ہاشمی رفسنجانی کا اتوار کی شام دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا تھا۔