الوقت - ایران میں حج و زیارت کے شعبہ میں قائد انقلاب اسلامی کے نمائندے نے کہا ہے کہ آئندہ حج کے لئے سعودی عرب نے ایران کو دعوت نامہ دے دیا ہے۔
حجت الاسلام والمسلمين سید علی قاضی عسكر نے پیر کو تہران میں بتایا کہ اس بار کے دعوت نامے میں اور گزشتہ برسوں کے دعوت نامے میں کوئی فرق نہیں ہے اور کچھ مسائل کا جائزہ لینے کے بعد ایران اس دعوتنامے کا جواب دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا ایک وفد سعودی عرب جائے گا اور سعودی عرب کے حج حکام کے ساتھ مذاکرات کا مقدمہ فراہم کیا جا رہا ہے۔
حج و زیارت کے شعبے میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے نے کہا ہے کہ ان مذاکرات میں مسجد الحرام اور منا میں شہید ہونے والے حاجیوں سے متعلق مطالبات کے علاوہ ایران کے دوسری مطالبات پر بھی گفتگو کی جائے گی۔
اس سے پہلے سعودی عرب کے حج و عمرہ کے وزیر محمد البنتین نے کہا تھا کہ ایران کے حج حکام کو حج سے متعلق کانفرنس میں شرکت کا دعوتنامہ دے دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی حکام کی نااہلی اور سعودی حکومت کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے 2015 کے حج کے دوران منا سانحے میں 477 ایرانی سمیت 7 ہزار سے زائد حاجی شہید ہوگئے تھے۔