الوقت - صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نے ایران کے خلاف عرب حکومتوں کے ساتھ انٹیلیجنس رابطے اور تعاون کا اعتراف کیا ہے۔
نتن یاہو نے امریکا کے سی بی ایس نیوز چینل سے گفتگو کے دوران اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہ کیا اسرائیل اور سعودی عرب، مشرق وسطی میں ایران کے خلاف اتحاد بنا رہے ہیں؟ کہا کہ یہ اتحاد موجود ہے۔
صیہونی وزیر اعظم نے اسی طرح یہ اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات میں غیر معمولی اضافہ کیا ہے۔
اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا کہ عرب ممالک کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات میں بڑی تبدیلی رونما ہوئی ہے اور اسرائيل اور عرب ممالک اطلاعات کے تبادلے کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیائے عرب کے بارے میں اسرائیل کا موقف تبدیل ہو گیا ہے کیونکہ اب وہ اسرائیل کو اپنا دشمن نہیں بلکہ اپنا اتحادی سمجھتے ہیں۔
قابل ذکر رہے کہ اس سے پہلے اسرائیل کے علاقائی تعاون کے وزیر ایوب قرا نے بھی بحرین سمیت کئی عرب ممالک کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات کی بات کہی تھی اور یہ بھی کہا کہ تھا کہ یہودی خاخام کے بحرین کے دورے کے انتظامات میں انہوں نے بھی کردار ادا کیا تھا۔