الوقت - صیہونی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کی سرزمین پر کالونیوں کی تعمیرات کی مذمت میں سیکورٹی کونسل میں منظور ہونے والی قرارداد کی مخالفت میں وہ ساٹھ لاکھ ڈالر کی اقوام متحدہ کی امداد بند کر دے گی ۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صیہونی حکومت نے جمعے کو اعلان کیا کہ اسرائیل کی جانب سے 2017 میں اقوام متحدہ کو دی جانے والی 60 لاکھ ڈالر کی امداد بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بنيامين نتن ياہو نے مقبوضہ فلسطین کی سرزمین پر صیہونی کالونیوں کی تعمیرات کو روکنے کے بارے میں منظور ہونے والی سلامتی کونسل کی قرارداد کے بعد کہا تھا کہ اس اقدامات کے نتیجے میں اقوام متحدہ کی مدد روک دی جائے گی۔
اقوام متحدہ میں اسرائیل کے نمائندے نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے ان اداروں کی امداد بند کر دی جائے گی جو اسرائیل مخالف ہیں۔ ڈینی ڈانون نے اقوام متحدہ میں یہ بیان کیا کہ یہ دانشمندی نہیں ہے کہ ہم ان اداروں کی مدد کریں جو اقوام متحدہ میں ہمارے خلاف کام کرتے ہیں۔
صیہونی نمائندے نے کہا کہ وہ ٹرمپ حکومت کے ساتھ اقوام متحدہ میں اسرائیل مخالف اقدامات کو ختم کرنے کے لئے تعاون کریں گے۔