الوقت - پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں کشمیر کے موضوع پر ہونے والے بین الاقوامی سیمینار کے شرکاء نے کشمیر سمیت علاقائی بحرانوں کے حل میں ایران کے کردار پر تاکید کی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق، جمعرات کو پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اس سمینار میں شامل مقررین نے علاقائی بحرانوں اور کشمیر مسئلے کے حل کے بارے میں اقوام متحدہ کی کارکردگی کی سخت تنقید کی۔
پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے کشمیر کے مسئلے پر منعقد بین الاقوامی سیمینار میں تقریر کرتے ہوئے کشمیر کے بارے میں سلامتی کونسل کی قرارداد کے نفاذ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت پاکستان، کشمیری عوام کی سفارتی، معنوی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔
سمینار میں برطانیہ کے ہاؤس آف لارڈس کے رکن نذیر احمد نے مسئلہ کشمیر کے حل میں مدد کرنے کے عالمی برادری کی کمزور کارکردگي کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج ایران اور روس سمیت علاقائی طاقتیں، مسئلہ کشمیر کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے سربراہ مسعود خان نے بھی مسئلہ کشمیر سمیت بہت سے بین الاقوامی موضوعات کے بارے میں اقوام متحدہ کی خاموش اور اس کی دفاعی پوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر اقوام متحدہ میں مضبوط ارادہ ہے تو وہ گزشتہ برسوں منظور ہونے والی قراردادوں کا نفاذ کرکے مسئلہ کشمیر کو حل کرے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ایک تجزیہ نگار شیخ تجمل حسین نے بھی مسئلہ کشمیر کے حل کی راہ میں مانع تراشی کرنے کے اسرائیل کے کردار کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ صیہونی حکومت برسوں سے اپنی سازشوں کے ذریعے ایک مسلم علاقے کے طور پر مسئلہ کشمیر کے حل کی راہ میں مانع تراشی کرتی رہی ہے۔