الوقت - ترکی کے دارالحکومت استنبول میں سانتا کلاز کا لباس پہنے مسلح افراد نے نائٹ کلب میں اندھا دھند فائرنگ کر دی جس میں کم سے کم 35 افراد ہلاک جبکہ 40 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، استنبول کے سب سے زیادہ مقبول اور مشہور رینا نائٹ کلب میں سانتا کلاز کا لباس زیب تن کئے دو مسلح افراد داخل ہوگئے اور وہاں نئے سال کا جشن منا رہے لوگوں پر اندھا دھند گولیاں چلانے لگے۔ حملے میں 35 افراد ہلاک اور 40 دیگر زخمی ہوئے۔
ریسکیو کا عملہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کررہا ہے۔ استنبول کے گورنر نے واقعے کو دہشت گردانہ حملہ قرار دیتے ہوئے تصدیق کی کہ حملے میں 35 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کے مختلف ہسپتالوں میں کم سے کم 40 افراد زیر علاج ہیں۔
گورنر کا کہنا تھا کہ نائٹ کلب پر حملہ کرنے والا ایک مسلح شخص تھا۔ مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حملے سے قبل نائٹ کلب میں تقریبا 700 افراد موجود تھے جو سال نو کا جشن منا رہے تھے۔ ابھی تک کسی گروہ یا شخص نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ رائٹرز نے حملے میں ملوث افراد کی تعداد دو بتائی تھی۔
ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے نائٹ کلب میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کا سلسلہ خبر لکھے جانے تک جاری تھا جبکہ مسلح افراد نے کلب میں موجود لوگوں کو یرغمال بنالیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ پولیس اور مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے تبادلے ہو رہے ہیں۔ ترک میڈیا کا دعوی ہے کہ پولیس نے مسلح افراد کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 2016 میں ترکی کے شہر استنبول اور دارالحکومت انقرہ کو دہشت گردانہ حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ان حملوں کم سے کم 180 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔