الوقت - شمالی شام میں امریکا کی قیادت میں بنے بین الاقوامی اتحاد کے فضائی حملے میں 7 شہری ہلاک اور 22 دیگر زخمی ہو گئے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق، بین الاقوامی اتحاد نے جمعے کی شام شمالی شہر رقہ سے 70 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع دبسي افنان قصبے پر بمباری کی۔
مغربی رقہ سے پچاس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع الطبقہ شہر کے ایک طبی ذرائع نے بتایا کہ امریکی اتحاد کے فضائی حملے میں تین بچوں سمیت سات افراد مارے گئے جبکہ 22 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بین الاقوامی اتحاد نے جن گھروں پر بمباری کی وہ دہشت گردوں کے نہیں تھے۔ واضح رہے کہ امریکا کی قیادت میں تشکیل پانے والا نام نہاد بین الاقوامی اتحاد، شام اور عراق میں دہشت گردوں سے مقابلے کے بہانے ہمیشہ عام شہریوں کو نشانہ بناتا رہا ہے۔
اس فوجی اتحاد کے حکام کا دعوی ہے کہ فضائی حملے میں عام شہریوں کے مارے جانے کا منصوبہ پہلے سے تیار نہیں کیا گیا ہے۔