الوقت - واشنگٹن اور ماسکو کے تعلقات میں کشیدگی جاری رہنے کے درمیان امریکا نے ایک غیر متوقع کارروائی کرتے ہوئے روس کے دسیوں سفارتکاروں کو ملک سے نکال دیا ہے ۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق واشنگٹن نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ امریکا میں صدارتی انتخابات میں روس کی مداخلت کی وجہ سے اس نے 35 روسی سفارتکاروں کو امریکا سے نکال دیا ہے۔
امریکی وزارت خارجہ نے روسی سفارتکاروں اور ان کے اہل خانہ کو ملک چھوڑنے کے لئے 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ہے۔ اسی طرح سی این این نے ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ امریکا کے صدر باراک اوباما نے روس کے 6 حکام اور اس ملک کے 5 اداروں کے خلاف پابندی عائد کرنے کا نیا حکم جاری کیا ہے۔
اس سے پہلے اوباما نے روس پر امریکا کے صدارتی انتخابات کے خلاف سائبر حملے اور امریکا کے نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی کامیابی میں مدد کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
ماسکو نے بھی اس طرح کے امریکی الزامات کو بارہا مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔
ادھر روس پر امریکا کی نئی پابندیوں کے اعلان کے کچھ دیر بعد روسی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ روس کے خلاف امریکا کی جانب سے مسلط کردہ نئی پابندیوں سے روس کے ساتھ اس ملک کے سفارتی تعلقات کو مزید مشکلات کا سامنا ہوگا۔
روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا نے جو مخاصمانہ پالیسی اختیار کر رکھی ہے اس نے دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کو مضبوط کرنے کے لئے حالیہ کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے۔