الوقت - امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقبوضہ فلسطین کی سرزمین پر صیہونی کالونیوں کی تعمیرات کے خلاف سیکورٹی کونسل کی حالیہ قرارداد کی منظوری پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کچھ افراد کے اجتماع کے صرف ایک کلب میں تبدیل ہوگیا ہے۔
اسپوتنک خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ موجودہ وقت میں اقوام متحدہ ایک کلب میں تبدیل ہوگيا ہے تاکہ کچھ افراد جمع ہوں اور تفریح کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان سب کے باوجود اقوام متحدہ میں بہت زیادہ توانائی پائی جاتی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ میں توانائی اور طاقت بہت زیادہ پائی جاتی ہے لیکن موجودہ وقت میں کچھ افراد کے جمع ہونے کے ایک کلب میں تبدیل ہو گيا ہے تاکہ کچھ افراد جمع ہوں اور اچھے وقت گزاریں۔ واضح رہے کہ مشرقی بیت المقدس اور مغربی کنارے پر بنی کالونیوں میں پانچ لاکھ سے زائد صیہونی زندگی بسر کرتے ہیں۔ یہ وہ علاقے ہیں جن پر اسرائیل نے 1967 کی جنگ میں قبضہ کر لیا تھا۔
اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل نے جمعے کے روز ایک قرارداد میں صیہونی حکومت سے کالونیوں کی تعمیرات کو روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔ جمعے کو پیش کی گئي اس قرارداد کے حق میں سیکورٹی کونسل کے 14 ارکان نے ووٹ ڈالا جبکہ امریکا نے ووٹنگ میں شرکت نہیں کی تھی۔
ملائیشیا، وینزویلا، نیوزی لینڈ اور سینیگال نے سیکورٹی کونسل میں پیش کی گئی قرارداد کا مسودہ تیار کیا تھا۔