الوقت - صیہونی وزیر اعظم بنيامن نیتن یاہو نے مقبوضہ فلسطینی کی سرزمین پر اسرائیل کی غیر قانونی کالونیوں کی تعمیر کے خلاف سلامتی کونسل میں منظور ہوئی قرارداد کے جواب میں کہا ہے کہ اسرائیل اقوام متحدہ کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں نظر ثانی کرے گا۔
سلامتی کونسل میں جمعے کو منظور ہوئی قرارداد نمبر 2334 میں مقبوضہ فلسطین کی سرزمینوں پر صیہونی کالونیوں کی تعمیرات کی مذمت اور اس غیر قانونی عمل کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اس قرارداد کی بنیاد پر، جس کے حق میں 14 ووٹ پڑے اور امریکا نے اس ووٹنگ میں شرکت نہیں کی، مقبوضہ فلسطین کی زمینوں پر صیہونی حکومت کی ہر قسم کی کالونیوں کی تعمیر کو بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے جس سے علاقے کے امن وسکون کو شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ اسی طرح کالونیوں کی تعمیرات سے آزاد فلسطینی ملک کی تشکیل کا امکان بھی خطرے میں پڑ جائے گا۔
امریکی ہیرالڈ ٹريبيون کے ایڈیٹر انتھونی ہال نے پریس ٹی وی سے انٹرویو میں کہا کہ اسرائیل کے کالونیوں کے تعمیر کے اقدام کے خلاف سلامتی کونسل میں جمعے کی یہ تاریخی ووٹنگ نشاندہی کرتی ہے کہ صیہونی حکومت آہستہ آہستہ عالمی سطح پر اپنی حمایت کھوتی جا رہی ہے۔