الوقت - جاپان میں ہونے والی ایک طبی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مچھلی کھانا درمیانی عمر میں جسم کے پھیلاﺅ کی روک تھام میں مدگار ثابت ہوتا ہے۔
کیوٹو یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق، مچھلی کے تیل میں پائے جانے والے اومیگا تھری فیٹس جسم کے اندر موجود چربی کے 'برے' خلیات کو صحت مند میں تبدیل کردیتے ہیں جس سے کیلیوریز جلتی ہیں اور جسمانی وزن نہیں بڑھ پاتا۔
تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ عام طو پر درمیانی عمر میں یہ صحت مند فیٹ سیلز کم ہونے لگتے ہیں جس کے باعث کمر پھیلنا شروع ہوجاتی ہے۔
تحقیق میں دو اقسام کے جسمانی فیٹ پر تحقیق کی گئی اور چوہوں پر ہونے والے تجربات سے معلوم ہوا کہ مچھلی کے تیل نے خراب خلیات کو صحت مند میں تبدیل کردیا۔
کیوٹو یونیورسٹی کے محققین کا کہنا ہے طبی تحقیقی رپورٹس میں مچھلی کے تیل کے متعدد طبی فوائد سامنے آ چکے ہیں لیکن یہ پہلی بار سامنے آیا ہے کہ یہ چربی کے خلیات کو درست رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
یہ تحقیق چوہوں پر کی گئی جس کے دوران ان کو چار ماہ تک مچھلی کے تیل سے بھرپور غذا دی گئی جس کے بعد جسمانی وزن میں 10 فیصد اور چربی میں 25 فیصد کمی دیکھی گئی۔