الوقت - شام کے حلب شہر کے عوام کے چہروں پر آج کل خوشیاں صاف نظر آ رہی ہیں، کیونکہ وہ چار سال بعد کرسمس کا جشن منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔
روس کے "آر ٹی" ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق شام کا حلب شہر اب شامی فوج کے کنٹرول میں ہے، عیسائی برادری نے 2012 کے بعد پہلی بار شہر کے العزیزیہ اسکوائر پر کرسمس ٹری سجایا اور کرسمس کے جشن کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
شام سے موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ العزیزیہ اسکوائر کے آس پاس واقع تمام گھروں میں شام کا قومی پرچم لہرا رہا ہے۔ یہاں سیکڑوں کی تعداد میں شامی عیسائی رہتے ہیں، وہ لوگ کرسمس کے ساتھ حلب شہر میں امن کی بحالی کا بھی جشن منا رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ شام کا سب سے بڑا شہر حلب جو اس ملک کا تجارتی مرکز بھی ہے، 2012 سے دو حصوں میں تقسیم ہوا گيا تھا، اس شہر کے مغربی علاقوں پر شام کی حکومت کا کنٹرول تھا جبکہ مشرقی علاقے دہشت گردوں کے قبضے میں تھے۔
در ایں اثن حلب کے العزیزیہ اسکوائر سے کچھ ہی فاصلے پر ایک بم دھماکے کی بھی اطلاع ہے تاہم اس بم دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ یاد رہے کہ شام کے حلب شہر میں کرسمس کا جشن ایسی حالت میں منانے کی تیاری کی جا رہی کہ شہر کے مشرقی علاقے سے دہشت گردوں کے انخلاء کا عمل تقریبا مکمل ہوگیا ہے۔
حلب شہر کی سٹی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ اب تک اس شہر کے 1040 لوگ، جو مسلح مخالفین کے محاصرے میں تھے، محفوظ مقامات پر منتقل کر دیئے گئے ہیں۔