الوقت - ہندوسان نے دعوی کیا ہے کہ پاکستانی انٹلیجنس ایجنسی انٹر سروسز انٹلیجنس (آئی ایس آئی) آنے والے دنوں میں پورے ہندوستان میں دہشت گردانہ حملے کی مبینہ سازش کر رہی ہے۔ انٹلیجنس ایجنسی نے منگل کو اس بارے میں الرٹ جاری کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹلیجنس ایجنسی نے دہشت گردوں کے ہینڈلروں اور دہشت گردوں کے درمیان فون پر مبینہ گفتگو سننے کے بعد یہ الرٹ جاری کیا ہے۔ اس ٹیلیفونی گفتگو کے بعد انٹلیجنس بیورو نے دہشت گردانہ حملے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ کنٹرول لائن کے اس پار لانچ پیڈس پر دہشت گردوں کی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گرد مبینہ طور پر پشتو زبان میں گفتگو کر رہے تھے۔ دہشت گردوں کے ہینڈلرز ہندوستان میں حملے کے لئے طالبان کو بھیجنے کی سازش کر رہے ہیں۔ آئی بی کے ذرائع کے مطابق وادی سوات اور تورا بورا کی پہاڑیوں میں ان دہشت گردوں کو ٹریننگ دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ لائن آف کنٹرول پر جاری کشیدگی اور ہندوستان فوجی کیمپ پر دہشت گردانہ حملے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہوگئے ہیں۔ ہندوستان اور پاکستان ایک دوسرے پر مسلسل ملک کے داخلی امور میں مداخلت، دہشت گردوں کی حمایت اور لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے رہتے ہیں۔