الوقت - میکسیکو میں آتشبازی کے ایک بازار میں ہوئے دھماکوں میں کم از کم 27 افراد ہلاک ہوگئے۔
دارالحکومت میکسیکو سٹی سے 32 کلومیٹر کے فاصلے پر کھلی جگہ پر لگنے والے سان پابلٹو آتشبازی مارکٹ میں ہوئے دھماکوں میں بڑی تعداد میں لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ان دھماکوں کی تصاویر مقامی ٹی وی چینلز پر دکھائی جا رہی ہیں جن میں لگتا ہے کہ پہلے ایک اسٹال میں آگ لگی، جس کے بعد دھماکوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
اس کے بعد پورے علاقے میں دھواں بھر گیا اور لوگ افراتفری کے درمیان بھاگنے لگے۔ دھماکوں کے بعد طبی اہلکاروں اور پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی۔
میکسیکو کے صدر نے کہا ہے کہ سیکورٹی اہلکار بھی امداد میں مصروف ہو گئے ہیں۔ نیشنل ایمرجنسی سروس کے سربراہ لوئس فلپ کا کہنا تھا کہ واقعے میں متعدد افراد زخمی ہیں جبکہ ان میں اضافے کا خدشہ بھی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالات پر قابو پانے کیلئے فوج کو طلب کرلیا گیا ہے جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے زخمیوں کو منتقل کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر بھی طلب کرلیے گئے ہیں۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق میکسیکن ریڈ کراس کا کہنا تھا کہ 10 ایمبولنس اور 50 رضاکار جائے وقوعہ کی جانب بھیج دیے گئے ہیں۔
سان پابلٹو بازار میں 2005 اور 2006 میں بھی آگ لگی تھی۔ ستمبر 2005 میں میکسیکو کے یوم آزادی کی تقریبات کے ٹھیک پہلے بھی کئی دھماکے ہوئے تھے جن میں بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے تھے۔