الوقت - صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے تمام مسلمانوں کو پیغمبر اسلام کی تعلیمات کے سائے میں اتحاد و بھائی چارے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ شیعہ ہلال اور سنی مثلث دونوں ہی غلط اصطلاحیں ہیں اور شیعہ و سنی بھائی بھائی اور اسلام و پیغمبر اسلام کی سنت کے پیروکار ہیں۔
حجت الاسلام ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعرات کو تیسویں بین الاقوامی وحدت اسلامی كانفریس کی افتتاحی تقریب میں اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ دشمنوں کا ہدف اسلامی معاشروں میں مایوسی پیدا کرنا اور ان مواقع کو ختم کرنا ہے، کہا کہ صیہونی حکومت اور علاقے میں خون خرابہ کرنے والوں کا مقصد مسلمان نوجوانوں کی امیدوں کو ختم کرنا ہے لیکن جلد ہی وہ خود مایوسی میں مبتلا ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں جہاد کا مطلب ظلم و جارحیت کے مقابلے میں مزاحمت اور مذہب کی عظمت و مسلمانوں کے عزت کا دفاع ہے اور یہ کسی بھی طور پر مسلمانوں کے قتل اور مسلمان سے مسلمان کی جنگ کے معنی میں نہیں ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کچھ مسلمانوں کی جانب سے غاصب صیہونی حکومت سے کینہ کے بجائے ایک دوسرے کے تئیں کینہ رکھے جانے کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حلب اور موصل کی تباہی اور مسلم نوجوانوں کا سر قلم کئے جانے کے لئے مغربی طاقتیں اور ان کے علاقائی حامی ذمہ دار ہیں ۔
ڈاکٹر روحانی نے اس بات کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہ ایک دن تمام اسلامی ملک، صیہونی حکومت کے مقابلے میں متحد ہو جائیں گے، کہا کہ متحد اسلامی معاشرہ اسی وقت وجود میں آئے گا جب مسلم ممالک، امریکا، برطانیہ اور دیگر طاقتوں کے بجائے خدا کی طاقت پر اعتماد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کا مشترکہ دشمن صیہونی حکومت اور امریکی اسلام ہے اور اس وقت سچا اسلام، امریکی اسلام کے سامنے ڈٹا ہوا ہے۔