الوقت - فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی کے سکریٹری جنرل رمضان عبداللہ شلح نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔
بدھ کی دوپہر تہران میں ہوئی اس ملاقات میں رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ جیسا کہ ہم نے پہلے بھی کہا ہے کہ صیہونیوں کے خلاف فلسطینیوں اور مسلمانوں کی متحد مزاحمت اور استقامت سے آئندہ 25 سال میں صیہونی حکومت کا وجود ہی نہیں رہے گا۔ انہوں نے تاکید کی کہ مسئلہ فلسطین کو فراموش کرنے کے لئے صیہونی حکومت کے حامیوں کی جانب سے مسلسل پیدا کئے جا رہے بحرانوں کے باوجود یہ مقدس سرزمین فلسطینی گروہوں و قوم کی مزاحمت کے نتیجے میں یقینی طور پر آزاد ہوگی۔
رہبر انقلاب اسلامی آیة اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے زور دیا کہ بیت المقدس کی آزادی آزادی کا صرف ایک ہی راستہ ہے اور وہ مزاحمت و استقامت ہے، اس کے علاوہ کسی بھی دوسرے راستے کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔
انہوں نے تحریک جہاد اسلامی کی جانب سے صیہونیوں کے مقابلے میں اتحاد و مزاحمت کے لئے 10 نکاتی منصوبے پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے، جدوجہد جاری رکھنے، ساز باز کے معاہدوں کو پوری مسترد کرنے، فلسطینی گروہوں کے درمیان اتحاد پر تاکید اور دشمن کے ساتھ ساز باز کے لئے کچھ رجعت پسند حکومتوں کی کوششوں کی مذمت کو اس منصوبے کے اہم نقاط قرار دیئے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے امریکہ اور اس کے کچھ علاقائی اتحادیوں کی جانب سے بحرانوں میں مذہبی عنصر داخل کرنے اور متعدد قسم کے واقعات انجام دینے کی کوشش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے پروپیگينڈوں کے برعکس، حلب، موصل سمیت دوسرے شہروں میں سنی مسلمانوں کا تكفيريوں کے ہاتھوں قتل عام ہوا اور ہو رہا ہے، اس وجہ سے ان بحرانوں کا شیعہ سنی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ علاقے کا سب سے اہم موضوع داعش، نصرہ فرنٹ سمیت دوسرے دہشت گرد گروہوں سے اجتماعی مقابلہ ہے کیونکہ اگر ایسا نہ ہوا تو تكفيريوں کی جانب سے مسلسل بحران پیدا ہونے کی وجہ سے مسئلہ فلسطین حاشیہ پر چلا جائے گا۔
انہوں نے مقبوضہ فلسطین میں تكفيريوں کی دراندازی سے مکمل طور پر نمٹنے پر بھی تاکید کی ۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے بیان میں مسلسل جدوجہد اور مشکلات برداشت کرنے کی صورت میں کامیابی کو خدا کی طرف سے کیا گیا وعدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حق کے محاذ سے دشمنی، استعماری طاقتوں کا شیوہ ہے ہے لہذا اس دشمنی کے جاری رہنے پر حیرت نہیں کرنی چاہئے۔
اس موقع پر تحریک جہاد اسلامی کے سکریٹری جنرل رمضان عبداللہ شلح نے رہبر انقلاب اسلامی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے شجاعانہ مواقف اور فلسطین کی مظلوم قوم اور فلسطینی امنگوں کی حزب اللہ لبنان کی جانب سے حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کہ بعض عرب حکومتیں فلسطین کے موضوع سے پسپائی اختیار کر گئي ہیں اور ان میں صیہونی حکومت سے ہاتھ ملانے کے لئے مقابلہ آرائی شروع ہو گئی ہے۔