الوقت - روس نے اعلان کیا ہے کہ شام کے شہر حلب سے دہشت گردوں کے انخلاء کے بارے میں امریکا سے اس کا کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا ہے۔
رشيا ٹوڈے کے مطابق روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ريابكوف نے ان افواہوں کی مخالفت کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ حلب سے دہشت گردوں کے انخلاء کے لئے روس اور امریکا کے درمیان سمجھوتہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا اور جو کچھ کہا جا رہا ہے وہ سفید جھوٹ ہے۔
اس سے پہلے روئٹرز نے شام میں سرگرم مسلح گروہوں کے حوالے سے اعلان کیا تھا کہ ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان ہوئے معاہدے کے مطابق مسلح گروہوں کے ارکان، 48 گھنٹوں کے اندر محفوظ راستوں سے مشرقی حلب سے دوسرے مقامات کی طرف جا سکتے ہیں۔
شام کے مسلح گروہوں کے بیان کے مطابق معاہدے میں کہا گیا ہے کہ النصرہ فرنٹ کے دہشت گرد مشرقی حلب سے ادلب جا سکتے ہیں جبکہ دیگر مسلح گروہ، انخلاء کے لئے اپنا راستہ منتخب کرنے میں آزاد ہیں۔
دوسری جانب شام کی حکومت مشرقی حلب سے عام شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشرقی حلب میں شدید لڑائی کے باوجود فوج کے زیر کنٹرول والے علاقوں میں عام شہریوں کی آمد بدستور جاری ہے۔ دہشت گردوں سے قبضے سے فرار ہونے میں کامیاب افراد کا کہنا ہے کہ دہشت گرد عام شہریوں کو شہر سے نکلنے نہیں دے رہے ہیں۔