الوقت - پاکستان نے لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کو اپنی انٹیلیجنس ایجنسی انٹر سروسز انٹیلیجنس ایجنسی (آئی ایس آئی) کا نیا ڈائریکٹر جنرل منتخب کیا ہے۔ فوجی پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، نوید مختار، لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر کے جانشین ہوں گے۔ لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے سربراہ بنائے گئے ہیں۔
پاکستان کے مقامی اخبار کے مطابق، جنرل نوید مختار نے حال ہی میں پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کور کمانڈر کے طور پر ذمہ داری سنبھالی تھی تھا اور اس سے پہلے انہوں نے دارالحکومت اسلام آباد میں آئی ایس آئی کے انسداد دہشت گردی شعبے کی بھی سربراہی کی تھی۔ لیفٹننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا بحیثیت کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کی جگہ عہدہ سنبھالیں گے۔
پاک فوج کے 10 لیفٹننٹ جنرلز کے تبادلوں کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے تحت لیفٹننٹ جنرل بلال اکبر کو چیف آف جنرل اسٹاف مقرر کیا گیا۔ چیف آف جنرل اسٹاف مقرر ہونے والے لیفٹننٹ جنرل بلال اکبر کو داخلی سلامتی کے امور کے حوالے سے وسیع تجربہ حاصل ہے۔
موجودہ کور کمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل ہدایت الرحمٰن کو جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل آف ٹریننگ اینڈ ایولوشن مقرر کردیا گیا۔ موجودہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل عاصم باجوہ کو جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل آف آرمز تعینات کیا گیا۔
لیفٹننٹ جنرل ہمایوں عزیز کو جی ایچ کیو میں انسپکٹر جنرل سی اینڈ آئی ٹی تعینات کیا گیا جبکہ لیفٹننٹ جنرل قاضی اکرام کو جی ایچ کیو میں چیف آف لوجسٹک اسٹاف مقرر کردیا گیا۔ لیفٹننٹ جنرل شیر افگن کو کور کمانڈر بہالپور (31 کور) تعینات کردیا گیا ہے۔
لیفٹننٹ جنرل محمد افضال کو ڈی جی 'ایف ڈبلیو او' کے عہدے پر برقرار رکھا گیا جبکہ لیفٹننٹ جنرل ندیم اشرف کو چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا تعینات کردیا گیا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے دو ہفتے قبل ہی لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ کو راحیل شریف کا جانشین مقرر کیا ہے۔