الوقت - فلسطین میں تحریک فتح کی مرکزی کمیٹی کے انتخابات میں مزاحمت کے حامیوں نے زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مروان برغوثی نے اس انتخاب میں 1300 میں سے 930 سیٹیں حاصل کرکے پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اتوار کو تحریک فتح کی ساتویں کانگریس کے انتخابات منعقد ہوئے۔ تحریک فتح کی مرکزی کمیٹی اور انقلابی کونسل کے ارکان نے انتخابات میں شرکت کی۔ اس انتخابات میں تحریک فتح کے قیدی رہنما مروان برغوثی نے سب سے زیادہ سیٹ حاصل کرکے پہلا مقام حاصل کیا۔ اس کے ساتھ ہی جبریل رجوب، محمد اشتیہ اور حسین الشیخ نے بھی مرکزی کمیٹی کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔
فلسطینی انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق، ان انتخابات میں صائب عریقات، صبری صیدم، ناصر قدوہ، سمیر رفاعی، عزام احمد، توفیق طیراوی بھی کامیاب ہوئے ہیں تاہم محمود عباس کے مخالفین خاص طور پر تحریک فتح سے نکالے گئے رہنما محمد دحلان کے حامی اس انتخابات میں کامیابی حاصل نہیں کر سکے۔ اس انتخاب میں جبریل رجوب، مروان برغوثی سے 100 ووٹ پیچھے رہے جنہوں نے دوسرا مقام حاصل کیا۔
واضح رہے کہ مذکورہ انتخابات میں فلسطینی قیدی کی کامیابی سے پتا چلتا ہے کہ مزاحمت، تحریک فتح میں بھی توسیع پا رہی ہے اور انتخابات میں مزاحمت کے حامیوں کی کامیابی اس کا پختہ ثبوت ہے۔