الوقت - ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشمیر سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ہندوستان صوبہ پنجاب کے امرتسر شہر میں ہوئی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے موقع پر کہا کہ ہندوستان اور پاکستان ہمارے لئے بہت اہم ملک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایران ان کے درمیان کوئی ثالثی کا کردار ادا کر سکتا ہے تو ہم اس کے لئے تیار ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم جو کچھ کر سکتے ہیں، اس کے لئے ثالثی کا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
جواد ظریف کا کہنا تھا کہ دونوں پڑوسی ممالک ہمارے لئے بہت اہم ہیں کیونکہ ہمارے بہت سے اہداف مشترک ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اپنے عزیز دوست ملک ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اچھے تعلقات کے لئے پرامید ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کی جانب سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کے وزیر اعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شریک ہونے کے لئے ہندوستان کے دورے پر ہیں۔