الوقت - پاکستان کے ساتھ کشیدہ سیاسی تعلقات کی وجہ سے کاروبار کی مشکلات دور کرنے کے لئے ہندوستان اور افغانستان کے درمیان ہوائی کارگو سروس شروع کئے جانے کا امکان ہے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق افغانستان کے استحکام کے لئے ہندوستان کے شمالی شہر امرتسر میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں افغان صدر اشرف غنی اور ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی ملاقات میں اس پر بحث ہو سکتی ہے۔
حکام کے مطابق دونوں ممالک کے سربراہ افغانستان کے اہم بازاروں سے رابطہ بڑھانے کے لئے ایئر کارگو سروس شروع کرنے پر غور کریں گے تاکہ طالبان سے لڑائی میں مصروف افغانستان کو اپنے پھل اور قالین کی صنعت میں بہتری کا موقع مل سکے۔
اس وقت افغانستان دیگر ممالک سے تجارت کے لئے پاکستان کی کراچی بندرگاہ کا استعمال کرتا ہے جہاں سے وہ محدود مقدار میں برآمد ہندوستان بھیج پاتا ہے جبکہ اس راستے سے ہندوستان کو افغانستان کو برآمد کی اجازت نہیں ہے۔
افغان مالیاتی پالیسی کے ڈائریکٹر جنرل خالد پائندہ کہتے ہیں کہ اس علاقے کی سب سے بڑے تجارتی بازار ہندوستان کے ساتھ اس وقت ہونے والے زمینی راستے کے کاروبار سے کہیں زیادہ کاروبار ممکن ہے اور اسی لیے دونوں ممالک نے ہوائی راستے کو استعمال کرنے پر غور کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان اور ہندوستان کے درمیان ایئر کارگو سروس شروع کی جائے گی، دونوں ممالک میں کاروبار کے لئے بہت اچھا موقع ہے، افغانستان میں پھل اور خشک میوے ہیں اور وہ ہندوستان کے راستے قالین اور دیگر چیزیں دوسرے ممالک تک پہنچا سکتا ہے ۔