الوقت - اقوام متحدہ میں شام كے نمائندے نے کہا ہے کہ حلب میں شامی فوج کی مسلسل کامیابیوں کی وجہ سے دہشت گرد گروہوں کے نمائندے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانا چاہتے ہیں تاکہ دہشت گردوں کو بچا سکیں۔
بشار الجعفری نے بدھ کو حلب کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منعقد ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ آج قطر، شام میں دہشت گرد گروہوں کی حمایت کا علمبردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ شام پر اسرائیل کے جنگی طیاروں کے حملے بھی دہشت گردوں کو بچانے کے لئے کئے جا رہے ہیں۔
بشار الجعفری نے کہا کہ دہشت گرد گروہوں کے نمائندوں کی جانب سے شامی شہریوں کے خون کی تجارت، شام کی حکومت کی جانب سے دہشت گردی سے جدوجہد کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈال سکے گا۔
اقوام متحدہ میں شام کے نمائندے نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دہشت گرد گروہوں نے مشرقی حلب میں بڑی تعداد میں عام شہریوں کا قتل عام کیا ہے، کہا کہ دہشت گرد، مشرقی حلب میں بھیجی گئی امدادی اشیاء کو فروخت کر رہے ہیں اور عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔
انہوں نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ آج شام کے بچے بغیر کسی خوف کے پوری امن و سلامتی کے ساتھ اپنے اسکول جانے کے خواہش مند ہیں۔