الوقت - امریکا کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ نے اس ملک کے نو منتخب صدر کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایٹمی سمجھوتے کو مسترد کرنا بہت بڑی حماقت ہوگی۔
سی آئی اے کے سربراہ جان برنن نے کہا کہ ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے جوہری معاہدے کا مسترد کیا جانا ، تباہ کن کارروائی ثابت ہو سکتی ہے۔ سی آئی اے کے ڈائریکٹر نے کہا کہ اس سے یہ خطرہ پیدا ہو جائے گا کہ دنیا کے دوسرے ممالک بھی جوہری پروگرام کے راستے پر گامزن ہوجائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں سابق حکومت جو معاہدہ کرتی ہے موجودہ حکومت اسے مسترد کر دے یہ عدیم المثال ہوگا۔
جان برنن نے دعوی کیا کہ اس طرح کے موقف سے ایران کی حکومت میں انتہا پسند کے مواقف مضبوط ہوں گے اور اگر ایران نے اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ایٹمی پروگرام کو پھر سے شروع کر دیا تو ممکن ہے کہ علاقے کے دیگر ممالک بھی اس راستے پر نکل پڑیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکا کے نو منتخب صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم میں کہا تھا کہ اقتدار میں آنے کی صورت میں وہ جوہری معاہدے کو منسوخ کر دیں گے تاہم صدارتی انتخابات میں کامیابی کے بعد انہوں نے جےسی پی او اے پر نظر ثانی کرنے کی بات کہی ہے۔