الوقت - پاکستان کی لاہور ہائی کورٹ نے انتہا پسند گروہ سپاہ صحابہ یا اہل سنت و الجماعت کے سربراہ محمد احمد لدھیانوی کو جھنگ کے حلقے سے ضمنی انتخاب میں شریک ہونے کی اجازت دے دی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کی فل بینچ نے جسٹس شاہد جمیل خان کی سربراہی میں یہ فیصلہ سنایا۔
سپاہ صحابہ کے سرغنہ احمد لدھیانوی نے انتخاب میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دیئے جانے کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ عدالت نے مذکورہ درخواست پر عبوری فیصلہ سناتے ہوئے دونوں فریق کو 14 دسمبر کو عدالت پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
پاکستان کے الیکشن کمیشن نے جھنگ کے حلقہ پی پی 78 میں یکم دسمبر کو ضمنی انتخاب کرانے کا اعلان کیا تھا۔ اس سیٹ سے الیکشن لڑنے کے لئے احمد لدھیانوی کے علاوہ راشدہ یعقوب نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ پنجاب اسمبلی کی یہ نشست اکتوبر میں اس وقت خالی ہو گئی تھی جب سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کی راشدہ یعقوب کو، اثاثے چھپانے پر نااہل قرار دے دیا تھا۔