الوقت - شام کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ قطر کے وزیر خارجہ کا یہ بیان کہ ان کا ملک شام میں دہشت گرد تنظیموں کے بارے میں بین الاقوامی نقطہ نظر بدل جانے کے باوجود ان تنظیموں کی مدد جاری رکھے گا، مسلسل شکست کا سامنا کر رہے دہشت گردوں کے حوصلے بڑھانے کی کوشش ہے۔
شام کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ شام میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ قطر حکومت کے تعلقات ایک بار پھر سامنے آئے ہیں جس نے ان تنظیموں کی ہر طرح سے مدد کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ قطر کی حکومت دہشت گرد تنظیموں سے تعلق رکھتی ہے اور دہشت گرد تنظیموں کے پاس موجود یرغمالیوں کی رہائی میں قطر کی بارہا ثالثی سے سب سمجھ چکے ہیں کہ قطر حکومت دہشت گرد تنظیموں سے رابطے کا چینل ہے۔
شامی وزارت خارجہ نے کہا کہ شام میں دہشت گردی زوال کی طرف بڑھ رہی ہے، اب عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ دہشت گردی کو تحفظ دینے والی حکومتوں کے خلاف تادیبی کارروائی کرے جو ساری دنیا کے امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال رہی ہیں۔