الوقت - رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے امریکی کانگریس کو انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی پابندیوں کو دوبارہ نافذ کرنا جن کا وقت ختم ہو چکا ہو، پابندی عائد کرنا اور وعدہ خلافی ہے۔
انہوں نے اتوار کو اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کے قومی دن کی مناسبت سے بحریہ کے کمانڈروں سے ملاقات کی اور ایران کے خلاف امریکی کانگریس کی جانب سے پابندیوں کے وقت میں توسیع کئے جانے اور اس دعوے کا ذکر کرتے ہوئے کہ یہ پابندی عائد نہیں کی گئی ہے بلکہ پہلے سے عائد پابندیوں کی مدت میں توسیع ہے، فرمایا کہ نئی پابندی عائد کرنا یا کسی پابندی کی میعاد ختم ہونے کے بعد اس کی توسیع ایک ہی چیز ہے اور مدت میں توسیع بھی پابندی عائد کرنا اور فریق مقابل کی کی جانب سے کئے گئے وعدوں کی خلاف ورزی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے اسی طرح ایران کی بحریہ کی مختلف شعبوں میں پیشرفت کی تعریف کی اور فرمایا کہ تمام منصوبوں اور پروگراموں کو پورا کرنا ضروری ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے کچھ ممالک کی پیشرفت میں جہازرانی کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے پاس بڑی سمندری حدود اور جہازرانی کا قدیمی تجربہ ہے اس بنیاد پر بحریہ کی طاقت اور صلاحیت اسلامی نظام کی شان اور ایران کی تاریخ کے مطابق ہونی چاہئے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اسی طرح آزاد سمندر میں ایرانی بحریہ کی طاقتور موجودگی کو ایران کی طاقت میں اضافے کا سبب قرار دیا اور کہا کہ بین الاقوامی سمندر میں ایرانی بحریہ کی موجودگی میں اضافہ کیا جانا چاہئے۔
رہبر انقلاب اسلامی کی تقریر سے پہلے ایرانی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل حبیب اللہ سياری نے آزاد سمندر میں ایرانی بحریہ کی طاقتور موجودگی پر ایک رپورٹ پیش کی۔ ایران میں ہر سال 27 نومبر کو بحریہ کا قومی دن منایا جاتا ہے۔