الوقت - امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیوبا کے سابق صدر اور انقلابی رہنما فیدل کاسترو کو وحشی ظالم قرار دیا ہے۔
کاسترو کے انتقال پر جاری کئے گئے اپنے بیان میں ٹرمپ نے کاسترو کو ایک بے رحم ڈکٹیٹر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تقریبا چھ دہائیوں تک وہ اپنے ہی لوگوں کی سرکوبی کرتے رہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ کاسترو کے انتقال کے بعد امریکی آزاد کیوبا کا جلد ہی مشاہدہ کریں گے۔
دوسری جانب امریکی صدر باراک اوباما نے فیدل کاسترو کے انتقال پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ دنیا پر کیوبا کے اس انقلابی رہنما کے زبردست اثرات کی تاریخ کا جائزہ لیا جائے گا۔
اوباما نے کاسترو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 1959 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد متعدد طریقوں سے کیوبا اور وہاں کے عوام کی زندگی کو تبدیل کر دیا۔
واضح رہے کہ جمعے دیر رات 90 سال کی عمر میں کیوبا کے سابق صدر اور انقلابی لیڈر فیدل کاسترو کا دارالحکومت ہوانا میں انتقال ہو گیا تھا۔ ان کے انتقال کے بعد دنیا کے رہنماؤں نے اپنے تعزیتی پیغامات میں کاسترو کی بہت تعریف کی ہے۔