الوقت - مقبوضہ فلسطین کے حیفا میں شدید آتشزدگی کی وجہ سے دسیوں کالونیاں اور گھر جل کر راکھ ہو گئے۔
فلسطینی انفارمیشن کی رپورٹ کے مطابق، حیفا میں شدید آتشزدگی کی وجہ سے دسیوں صیہونی دم گھٹنے کی وجہ سے اسپتالوں میں داخل کئے گئے ہیں۔ حیفا کے جن علاقوں کو خالی کرا لیا گیا ہے ان میں راموت، سبیر، حن، الموج، بن گورین، گولڈا، اشکول، نئوت بیرس، رومیما، مرکاز حوریف اور احوز شامل ہیں۔
آگ پر قابو پانے کے لئے فائر بريگیڈ کو روانہ گیا گیا تاہم دو دن گزرنے کے بعد بھی آگ پر کنٹرول نہیں کیا جا سکا۔ دوسری جانب اسرائیل کی مدد کے لئے ترکی نے اپنے فائر بریگیڈ طیارے روانہ کئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دسیوں صیہونیوں کے گھر جل کر راکھ ہو گئے ہیں۔ اسرائیل کے سیکورٹی اہلکاروں نے واقعے کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کی ہے۔
اسرائیل کی خفیہ ایجنسی شاباک کا کہنا ہے کہ اس میں دہشت گردی کا شائبہ ہو سکتا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ترکی کی حکومت نے آگ پر کنٹرول پانے میں مدد کرنے کے لئے فائر بریگیڈ طیارے ارسال کرنے کی درخواست کی تھی جسے صیہونی حکومت نے قبول کر لیا ہے۔