الوقت - مشرقی اور شمال مغربی شام میں فوج اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپوں میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
بدھ کو موصولہ رپورٹ کے مطابق، شامی فوجی نے صوبہ حماۃ میں دہشت گرد گروہ جیش الفتح کے دہشت گردوں کی ایک نشست پر حملہ کرکے کم از کم 50 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
شامی فوج نے صوبہ دیر الزور میں بھی تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، حملے میں داعش کے 20 دہشت گرد مارے گئے۔
دریں اثنا، شامی فوجیوں نے دیر الزور ایئر پورٹ کے قریب داعش کے ایک حملے کو ناکام بنا دیا۔ اس کاروائی میں داعش کے 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ شام کی فوج اور رضاکار فورس نے شمالی قنیطرہ میں النقار کی پہاڑیوں پر واقع السریۃ الرابعہ نامی علاقے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔ شام کے فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج اور رضاکار فورس بدھ کی صبح دہشت گردوں کا حصار توڑ کر علاقے میں داخل ہوگئی۔ شام کی فوج اور رضاکار فورس نے طرنجہ کے علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر توپخانوں سے بمباری کی ہے جس میں درجنوں دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
ادھر حلب میں شام کی فوج نے عام شہریوں کے لیے ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔ فوج نے اپنے بیان میں مشرقی حلب میں دہشت گردوں کے زیرقبضہ علاقوں کے مکینوں سے کہا گیا ہے کہ وہ انتہائی ضرورت کے وقت ہی گھروں سے باہر نکلیں اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے دور رہیں۔