الوقت - صیہونی حکومت کے ذرائع کے مطابق اس حکومت کے سیکورٹی حکام نے غزہ کی جنگ شروع ہونے سے کچھ ماہ پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ غزہ پر حملے کے لئے اسرائیلی فوجیں آمادہ نہیں ہیں ۔
فلسطینی انفارمیشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق، صیہونی حکومت کے ٹی وی چینل نے پیر کو بتایا کہ اسرائیل کی خفیہ ایجنسی نے رپورٹوں کی بنیاد پر یہ اعلان کیا تھا کہ اگر اسرائیل کی فوج نے غزہ پر حملہ کر دیا تو اسے کوئی کامیابی نہیں ملے گی کیونکہ فوج کے پاس موجود اطلاعات اور جنگ کے اہداف کے درمیان بہت زیادہ اختلافات پائے جاتے ہیں ۔
اسرائیلی ٹی وی چینل کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے حماس کی سرنگوں اور غزہ پٹی کے بارے میں مزید اطلاعات حاصل نہیں کی تھیں اور اس سلسلے میں رپورٹیں بھی فوجی كمانڈرز اور حکام کو نہیں دی گئیں لیکن ان تمام انتباہات کے باوجود فوج نے غزہ پر حملے شروع کر دیئے۔
اس سے پہلے بھی اسرائیل کی مستقبل پارٹی کے سربراہ يائیر لابيد نے کہا تھا کہ اسرائیل کو جنگ غزہ کے دوران فلسطینی گروہوں کو کمزور یا ختم کرنے سمیت کوئی بھی ہدف حاصل نہیں ہوا۔
انہوں نے صیہیونی وزیر اعظم بنيامين نتن ياہو سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ غزہ کی جنگ کے دوران اپنی غلطیوں کا اعتراف کریں۔
واضح رہے کہ سال 2014 میں غزہ کی جنگ کے ختم ہونے کے بعد اسرائیلی فوج نے بارہا فلسطینی مزاحمت کار گروہوں کی توانائیوں کا اعتراف کیا ہے۔