الوقت - عراقی فورسز نے تلعفر کے فوجی ایئر پورٹ کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔
بدھ کو سومريہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق، عراقی رضاکار فورس نے اس ایئر پورٹ کو آزاد کرایا ہے۔ یہ ایئر پورٹ موصل سے 77 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔
عراقی رضاکار فورس نے اس كاروائی کے دوران تلعفر ایئر پورٹ کے قریب واقع تل الرمج اورتل شیبان گاؤں کو اور اسی طرح مشرقی تلعفر میں واقع تل الثعبان گاؤں کو داعش کے چنگل سے آزاد کرایا۔
عراقی فورسز نے ان گاؤں میں لوگوں کے درمیان غذائی مواد بھی تقسیم کئے۔ اس سے پہلے عراقی ذرائع نے تلعفر ایئر پورٹ کے چاروں طرف سے محاصرے اور عراقی رضاکار فورس اور دہشت گردوں کے درمیان اس ایئر پورٹ کے كمپانڈ میں شدید جھڑپوں کی رپورٹ دی تھی۔ اس کارروائی کے دوران عراقی رضاکار فورس نے داعش کی ایک کار بم کو بھی ناکارہ بنا دیا۔
رضاکار فورس کی حزب اللہ بریگیڈ کے ترجمان جعفر الحسینی نے بھی رويٹرز کو بتایا کہ داعش کے دہشت گرد اس ایئرپورٹ سے تلعفر کی جانب پسپائی اختیار کر گئے ہیں۔
تلعفر کو پھر سے کنٹرول میں لینے سے عراق کے موصل اور شام میں داعش کے کنٹرول والے علاقے کے درمیان رسد کی فراہمی کا راستہ منقطع ہو جائے گا۔
عراقی رضاکار فورس نے ایسی حالت میں تلعفر ایئرپورٹ کو داعش کے چنگل سے آزاد کرایا کہ عراقی فیڈرل پولیس صوبہ نینوا کے البوسیف علاقے کے جنوب میں واقع العذبہ گاؤں کو آزاد کرانے میں کامیاب ہوئی اور اس گاؤں میں گھروں پر عراقی پرچم لہرا دیا ۔
واضح رہے کہ عراق کے صوبہ نینوا کے مرکز موصل کی آزادی 17 اکتوبر 2016 کو عراقی وزیر اعظم کے حکم سے شروع ہوئی ۔