الوقت - عراق میں کربلائے معلی میں ہوئے دھماکےمیں کم از کم 9 افراد شہید ہوگئے۔
عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کو صوبہ کربلاء عین التمر نامی علاقے میں ایک خودکش دھماکہ ہوا۔ اس دھماکے میں کم از کم 9 افراد شہید اور 6 دیگر زخمی ہو گئے۔
سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 6 خودکش ایک ساتھ مل کر یہ خود کش دھماکہ کرنا چاہتے تھے۔ سکیورٹی فورسز نے 5 حملہ آوروں کو تو ایک ہی جگہ پر گھیر کر ہلاک کر دیا لیکن ان میں سے ایک بچ نکلا جس نے ایک چوراہے پر لوگوں کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
واضح رہے کہ پوری دنیا سے چہلم سید الشہداء میں شریک ہونے کے لئے لاکھوں زائرین کربلائے معلی روانہ ہو چکے ہیں جو مختلف راستوں سے ہو کر چہلم کے روز کربلاء پہنچیں گے۔
عراقی سکیورٹی فورسز نے کل بھی ایک دہشت گرد گروہ کے عناصر کو گرفتار کیا تھا جو کربلاء جانے والوں پر حملے کی تیاری کر رہا تھا۔