الوقت - میانمار کے روہنگیا مسلمانوں پر ہو رہے مظالم کا سلسلہ رکنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے جس کے تازہ سلسلے میں اتوار کو 400 مسلمانوں کے گھروں کو جلا دیا گیا۔
میانمار سے موصولہ خبروں کے مطابق اس بار میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کے گھروں کو جلانے والا کوئی اور نہیں ہے بلکہ خود میانمار کی حکومت ہے۔ اس ملک کی حکومت نے ایک حکم جاری کر سیکڑوں مسلمانوں کے گھروں کو آگ لگوا دی۔
اتوار کے دن شائع ہونے والی ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ کے مطابق سیٹلائٹ سے حاصل تصاویر سے پتہ چلا ہے کہ مغربی میانمار میں واقع مسلمانوں کے گھروں کو نذر آتش کیا جا رہا ہے۔ ان تصاویر کے مطابق مسلمانوں کی آبادی والے تین دیہاتوں میں موجود تقریبا 400 گھر جل کر راکھ ہو گئے ہیں۔
ہیومن رائٹس واچ کے ایشیا کے ڈائریکٹر براڈ ایڈم نے میانمار کے دہی علاقوں میں لگی آگ کو تصور سے کہیں زیادہ شدید بتایا ہے۔ انہوں نے میانمار کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کے روہنگیا مسلمانوں کو فوری طور پر انصاف اور تحفظ فراہم کیا جائے۔
دوسری جانب فوج کے ہیلی کاپٹر نے مسلم بستیوں پر حملہ کیا ہے جس میں 6 روہنگیا مسلمان ہلاک ہو گئے۔ قابل ذکر ہے کہ میانمار کی سرحد پر کچھ دن پہلے میانمار پولیس پر ہوئے نامعلوم افراد کے حملے کے بعد حکومت نے راخين صوبے میں سیکورٹی انتظامات سخت کر دئے ہیں۔