الوقت۔ فلسطین کے صدر محمود عباس نے دھمکی دی ہے کہ وہ جلد ہی فلسطین کے سابق صدر یاسر عرفات کے قاتلوں کے ناموں کا اعلان کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کو محمود عباس نے الفتح کے بانی سربراہ یاسر عرفات کی وفات کے 12 سال کے بعد پہلی بار دعوی کیا ہے کہ وہ یاسر عرفات کے قاتلوں کو جانتے ہیں لیکن انہوں نے عرفات کے کسی قاتل کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔
یاسر عرفات کی 12 ویں برسی کے موقع پر منعقد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمود عباس نے کہا کہ میں یاسر عرفات کا قتل کرنے والوں کو جانتا ہوں اور جلد ہی ان کی شناخت ظاہر کرکے قاتلوں کو حیران کردوں گا۔ صدر عباس نے کہا کہ فلسطینی لیڈر یاسر عرفات کے قتل کی تحقیقات کا سلسلہ ختم نہیں ہوا ہے۔
ان کے مطابق یاسر عرفات کے قتل کی تفتیش کیلئے قائم تحقیقاتی کمیشن نے ملزمین کی شناخت میں سنگ میل طے کیا ہے اور ہم حقیقت تک پہنچ گئے ہیں۔ جب کمیشن حتمی نتائج کا اعلان کرے گا تو پوری قوم کو پتہ چل جائے گا کہ یاسر عرفات کا قتل کس نے کیا تھا۔