الوقت - موصل شہر کی آزادی کی مہم کے کمانڈر نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ میں واقع تاریخی شہر نمرود کو آزاد کرا لیا گیا ہے۔
موصل آپریشن کے کمانڈر عبد الامیر رشید ياراللہ نے اعلان کیا ہے کہ عراقی فوج اور رضاکار فورسز کے جوانوں نے موصل کے جنوب مشرق میں واقع تاریخی شہر نمرود کو تکفیری دہشت گرد گروہ داعش سے آزاد کرا لیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ موصل سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع نمرود شہر گزشتہ دو سال سے داعش کے کنٹرول میں تھا۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق تکفیری دہشت گردوں نے تاریخی آثار قدیمہ سے مالا مال نمرود شہر کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
دوسری طرف عراقی رضاکار فورس کے جوانوں نے تلعفر شہر کے قریبی علاقوں میں واقع تین دیہاتوں کو داعش کے دہشت گردوں کے وجود سے پاکر کر دیا ہے۔
اس درمیان عراقی فوج نے داعش کے ایک سرغنہ، خالد کو موصل کے الانتصارہ علاقے میں ہوئی جھڑپوں میں ہلاک کر دیا۔ عراق کے صوبہ نینوا سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، عراقی فوج، رضاکار فورس کے ساتھ مل کر موصل شہر میں داعش کے خلاف وسیع پیمانے پر فوجی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے اور ایک کے بعد دیگر دہشت گردوں کے قبضے والے علاقوں کو آزاد کرا رہی ہے۔