الوقت - امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میرے لئے سب سے اہم بات یہ ہے کہ میں پورے امریکا کا صدر ہوں ہم متحد ہوکر امریکا کے خواب کو پورا کریں گے۔
انتخابات میں کامیابی کے بعد ٹرمپ ہیڈ کوارٹر میں اپنے پہلے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے ہلیری کلنٹن کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے فون کرکے مجھے مبارک باد دی ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ہلیری کلنٹن نے ملک کے لئے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے سخت مقابلہ کیا میں اپنے ڈیموکریٹ ساتھیوں سے کہوں گا کہ وہ امریکا کے لئے متحد ہو جائیں۔
واضح رہے کہ انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ اور ہلیری کلنٹن نے ایک دوسرے پر سخت حملے کئے تھے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ہم متحد ہو کر امریکہ کے خواب کو پورے کریں گے، رنگ، نسل اور مذہب میں کوئی بھی فرق کئے بنا امریکیوں کی خدمت کریں گے اور امریکہ میں نئے تعمیری منصوبے شروع کئے جائیں گی۔