الوقت - اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ لیبیا کے ساحل کے قریب مہاجرین کی دو کشتیاں الٹ گئیں جس کی وجہ سے 110 سے زائد افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔
اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی یو این ریفیوجی ایجنسی کی ترجمان کارلوٹا سامی کا کہنا تھا کہ لیبیا کے ساحل سے روانہ ہونے والی کشتی میں140 مہاجرین سوار تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کشتی سفر کے آغاز میں ہی حادثے کا شکار ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ کشتی پر سوار 29 افراد کو بچا لیا گیا۔
یو این ریفیوجی ایجنسی کی ترجمان کا کہنا تھا کہ مہاجرین کی کشتی لیبیا کے ساحل سے 20 ناٹیکل میل پر سمندری لہروں کا شکار ہوئی اور بچ جانے والوں کو ریسکیو کرلیا گیا تاہم ان کی حالت تشویشناک ہے اور ان کے علاوہ اب تک ریسکیو اہلکار 12 لاشوں کو سمندر سے نکالنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
اٹلی کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ کوسٹ گارڈ نے زندہ بچے افراد کو ایک جزیرے پر منتقل کر دیا ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کو دو خواتین نے بتایا کہ وہ ایک ایسی کشتی کے حادثے میں بچ گئیں ہیں جس پر 125 افراد سوار تھے۔ اقوام متحدہ کی ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ خواتین کا کہنا تھا کہ ایک ناقص کشتی سمندر میں ڈوب گئی اور صرف وہ دونوں ہی بچ نکلنے میں کامیاب رہیں تاہم کوسٹ گارڈ نے واقعے کی تصدیق نہیں کی ہے۔