الوقت - امریکہ میں جاری صدارتی انتخابات کو ایک ہفتے سے بھی کم وقت بچا ہے اور ایسے میں ایک نیا سروے سامنے آیا ہے جس کے مطابق ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کو ایک پوائنٹ کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
اے بی سی کی جانب سے کئے گئے نیشنل سروے کے مطابق ڈونالڈ ٹرمپ کو ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار ہلیری کلنٹن پر ایک پوائنٹ کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ آٹھ نومبر کو ہونے والے انتخابات سے پہلے دونوں امیدواروں نے اپنی انتخابی مہم تیز کر دی ہے۔
ہلیری کلنٹن کو اس سے پہلے کے سروے رپورٹوں میں ٹرمپ سے آگے بتایا جا رہا تھ لیکن حال ہی میں ایف بی آئی نے غیر متوقع طور پر 2001 میں سابق صدر بل کلنٹن کے بارے میں کی گئی تحقیقات کے 129 دستاویز جاری کر دیئے ہیں جس کے مطابق بل کلنٹن نے ڈیموکریٹک پارٹی کو عطیہ دینے والے شخص کو صدارتی معافی دی تھی۔
ہلیری کلنٹن کی ٹیم نے یہ دستاویز سامنے آنے پر سوال اٹھائے ہیں کیونکہ انہیں ایسے وقت جاری کیا گیا ہے جب انتخابات کو ایک ہفتے سے بھی کم وقت باقی بچا ہے۔ ہلیری کلنٹن نے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر پر تنقید کی۔
ہلیری کلنٹن کی انتخابی ٹیم نے ہلیری کے ای میل کیس کی نئے سرے سے تحقیقات پر ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز كومي پر دوہرے معیار اپنانے کا الزام لگایا ہے۔