الوقت - حزب اللہ لبنان اور شامی حکومت نے لبنان کا صدر منتخب ہونے پر ميشل عون کو مبارک باد پیش کی ہے۔
پیر کو حزب اللہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے ميشل عون کو ٹیلی فون پر ملک کا صدر منتخب ہونے کی مبارکباد پیش کی ۔
سید حسن نصراللہ نے میشل عون کی اچھی صحت کی آرزو کی اور امید ظاہر کیا کہ وہ اپنی قومی ذمہ داریوں کو بحسن خوبی پورا کریں گے۔
گزشتہ ہفتے حزب اللہ کے سربراہ نے صدارتی عہدے کے لئے عون کے نام کی تصدیق کرتے ہوئے لبنان کی تمام سیاسی پارٹیوں سے ان کی حمایت کی اپیل کی تھی۔
شامی صدر بشار اسد نے بھی اپنے نئے لبنانی ہم منصب کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ عون کے انتخاب سے لبنان میں امن و امان کی صورتحال مضبوط ہوگی اور ملک ترقی کرے گا۔
اس سے پہلے ایران کے صدر حسن روحانی نے بھی ميشل عون کو صدر بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا ملک لبنان حکومت، عوام اور حزب اللہ کی حمایت جاری رکھے گا۔
پیر کو لبنانی پارلیمنٹ میں 4 مرحلے کی پولنگ کے بعد مجموعی 127 میں سے 83 ووٹ حاصل کرکے عون نے کامیابی حاصل کی جبکہ انہیں اکثریت کے لئے صرف 65 ووٹوں کی ضرورت تھی۔
دوسری جانب لبنان کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ نومنتخب صدر 'میشل عون' کو کامیاب کرانے میں لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ 'سید حسن نصراللہ' کا کردار اہم ہے اور وہ اس انتخابی عمل میں ہمارے اہم شراکت دار ہیں-
یہ بات 'جبران باسیل' نے گزشتہ رات لبنانی دارالحکومت بیروت کے شہدا چوک میں نومنتخب صدر کی کامیابی پرعوامی جشن کے موقع پر صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔