الوقت - فلپائن کے صدر روڈ ریگوڈوٹر نے امریکہ کے خلاف ایک اور متنازع بیان دیا ہے۔
واضح رہے کہ فلپائن اور امریکہ کے درمیان گزشتہ کچھ دنوں سے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فلپائنی صدر نے امریکہ سے کہا ہےکہ وہ میرے ملک کو اپنا پالتو کتا نہ سمجھے۔ واضح رہے کہ فلپائنی صدر امریکہ کو مسلسل کھری کھری سنا رہے ہیں۔ امریکہ فلپائن کے ساتھ دفاعی معاہدہ کرنا چاہتا تھا جس پر اب روڈ ریگو نے ٹکا سا جواب دے دیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرس کے مطابق فلپائنی صدر نے اپنے حالیہ بیان میں امریکہ سے کہا ہے کہ جب تک میں صدر ہوں فلپائن کے ساتھ دفاعی معاہدہ بھول جاؤ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں فلپائن میں کسی بھی غیر ملکی فوج کی موجودگی کے خلاف تھا۔ اب جب تک میں صدر ہوں امریکہ ہمارے ساتھ کوئی ایسا معاہدہ نہیں کرسکتا جس کے تحت اس کی فوج ہمارے ملک میں آئے۔
جاپان کے دورے پر روانہ ہونے سے قبل گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ میرے ملک کو اپنا پالتو کتا نہ سمجھے اور ہم سے اس طرح کا سلوک نہ کرے۔ میں آگے وہ وقت دیکھ رہا ہوں جب ہمارے ملک میں صرف فلپائنی فوجی موجود ہوں گے، یہاں کوئی غیر ملکی فوجی نہیں رہے گا۔
امریکہ سے کشیدہ تعلقات کے بارے میں روڈریگونے کہا کہ یہ لڑائی میں نے شروع نہیں کی، بلکہ انہوں نے ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کرکے اس لڑائی کا آغاز کیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر بارک اوبامہ نے فلپائن میں منشیات کے اسمگلروں اور استعمال کرنے والوں کے خلاف آپریشن پر تنقید کی تھی جس کے بعد روڈ ریگونے انہیں گالی دی تھی۔