الوقت - پاکستان نے ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو وزارت خارجہ میں طلب کرکے ورکنگ باونڈری پر بلا اشتعال فائرنگ اور دو شہریوں کی ہلاکت پر اعتراض کیا ہے جبکہ پاکستان نے ایک بار پھر دعوی کیا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق، ہندوستانی فوج نے کنٹرول لائن کے بھمبر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ورکنگ باونڈری کے چپراڑ سیکٹر میں ہندوستانی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کی۔ پاکستانی فوج کے مطابق، پاکستانی فوج کی جانب سے دونوں علاقوں میں جوابی کارروائی کی لیکن کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
ابھی اس سلسلے میں ہندوستان کی جانب سے کسی بھی قسم کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان دونوں ہی ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے رہتے ہیں۔