الوقت - شام کی فوج کے جنگی طیاروں نے ملک کے مشرقی علاقے میں داعش کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی۔
العالم ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق، شام کی فوج نے سنیچر کو ملک کے مشرقی علاقے دیرالزور کے جنوبی علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس میں دسیوں دہشت گرد ہلاک اور زخمی ہوئے۔ اس حملے میں اسی طرح دہشت گردوں کے فوجی ساز و سامان کو شدید نقصان پہنچا۔
شام کی فوج نے اسی طرح دمشق کے مغربی غوطہ کے خان الشیخ علاقے میں دہشت گردوں کے ایک ٹینک کو نشانہ بنایا جس میں ٹینک میں سوار اور آس پاس موجود تمام دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
در ایں اثنا دہشت گردوں نے سنیچر کو جنوبی شام کے شمالی قنیطرہ میں فوج کے ایک ٹھکانے پر قبضہ کرنے کی کوشش کی لیکن فوج نے وقت رہتے ہی شدید حملہ کرکے دہشت گردوں کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ اس حملے میں 15 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
لبنان کے الميادين ٹی وی چینل نے بھی حلب کے شمالی صوبے میں ترکی کے بیس ٹینکوں کے داخل ہونے کی اطلاع دی ہے۔
دوسری جانب حلب میں جنگ بندی کے خاتمے کے بعد جھڑپوں کا سلسلہ پھر سے شروع ہو گیا ہے۔