الوقت - اقوام متحدہ میں شام کے سفیر بشار جعفری نے کہا ہے کہ القاعدہ کے دہشت گرد حلب سے شہریوں کو نکلنے سے روک رہے ہیں۔ انہوں نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں یہ بیان دیا۔
یہ اجلاس حلب سمیت شام کے دوسرے شہروں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منعقد ہوا تھا۔ بشار جعفری نے کہا کہ حکومت دمشق نے حلب سے عوام کے انخلاء کے لئے 8 راستے معین کئے ہیں، جن میں سے 6 عام شہریوں اور 2 ان دہشت گردوں کے لئے ہیں جنہیں حکومت نے ہتھیار رکھنے کی شرط پر عام معافی دی ہے یا وہ دوسرے علاقوں میں منتقل ہونا چاہتے ہیں۔
تکفیری دہشت گرد گروہ النصرہ فرنٹ جسے اب فتح الشام فرنٹ کہا جاتا ہے، اور احرارالشام دہشت گرد گروہ، شہریوں کو باہر نکلنے سے روک رہے ہیں۔
بشار جعفری نے بتایا کہ دہشت گرد مارٹر حملہ کر رہے ہیں اور عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ بشار جعفری نے بتایا کہ تكفيريوں نے جمعرات کو صبح 14 افراد کو ہلاک کر دیا کیونکہ وہ لوگوں کو دہشت گردوں کے زیر کنٹرول علاقے سے فرار ہونے کی تشویق کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے ان افراد کے گھروں کو جلانے کی بھی دھمکی دی ہے۔