الوقت - ترکی کے سفیر کو جمعرات کو ایران کی وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا۔ ایران کے عراق میں اثر و رسوخ کے بارے میں ترکی کے نائب وزیر اعظم کے بے بنیادی بیانات کے بعد تہران میں ترکی کے سفیر رضا ہاكان تكين کو وزارت خارجہ میں طلب کرکے اور انہیں ایران کے سخت اعتراض سے آگاہ کیا گیا۔
عراق میں ایران کے سیاسی و مذہبی اثر و رسوخ کی پالیسی کے بارے میں ترکی کے نائب وزیر اعظم کے بیان کے ردعمل میں وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ علاقے میں ایران کی پالیسیوں کا منبع اعلی انسانی اور اسلامی تعلیمات ہیں جس میں پڑوسیوں بالخصوص اسلامی ممالک کے امن و استحکام کو ترجیح حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت، نسل پرست اور مذہبی اختلافات کو ہوا دینے کو ایران کی علاقائی اور بین الاقوامی پالیسی میں کوئی مقام حاصل نہیں ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے معنوی اثر و رسوخ کا منبع ہمسایہ ممالک کی آزادی، خود مختاری اور ارضی سالمیت کا احترام ہے جس کا سمجھنا کچھ تجزیہ کاروں کے لئے مشکل نہیں ہونا چاہیے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ علاقے کے ممالک کو علاقے کی حساس صورتحال کو سمجھ کر اور کشیدگی اورجھڑپوں کو ختم کرنے کی سمت قدم بڑھانا چاہئے اور آپس میں گفتگو کرنا چاہیے۔